انگلینڈ کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم اور کامیاب رہا: شاہد انور و فرحان یوسف

image

پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا دورہ انگلینڈ مکمل ہوگیا ہے، جس میں قومی جونیئر ٹیم نے ایک چار روزہ میچ اور چار ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کھیلی۔

ون ڈے سیریز میں پاکستان انڈر 19 نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 1-3 سے شکست دی، جبکہ واحد چار روزہ میچ میں قومی ٹیم کو 10 رنز سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

دورے کے اختتام پر پی سی بی ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک انتہائی اہم تجربہ رہا۔ چیلنجنگ انگلش حالات کے باوجود کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے بتایا کہ چار روزہ میچ میں ٹیم کی فائٹنگ سپرٹ اور ون ڈے سیریز میں زبردست کم بیک مثبت پہلو رہے۔ ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کا ایک دوسرے کو سپورٹ کرنا اور مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے اپنی صلاحیتوں پر اعتماد کرنا حوصلہ افزا رہا۔ ٹیم کی بنیادی توجہ پارٹنرشپس بنانے پر تھی اور مجموعی طور پر اس دورے کے تمام اہداف حاصل ہو چکے ہیں۔

پاکستان انڈر 19 کے کپتان فرحان یوسف نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انگلینڈ کے مختلف اور مشکل حالات کے مطابق تمام کھلاڑیوں نے خود کو بہت اچھی طرح ڈھالا۔

انہوں نے کہا کہ چار روزہ کرکٹ کا پہلا تجربہ انتہائی مثبت رہا جبکہ عبدالقادر سمیت کئی دیگر کھلاڑیوں نے بھی اپنی انفرادی کارکردگی سے متاثر کیا۔ کپتان کے مطابق کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کے درمیان بہترین ہم آہنگی رہی، جس سے کھلاڑیوں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور انگلینڈ کا یہ تجربہ مستقبل کے ٹورنامنٹس میں ٹیم کے لیے بے حد مفید ثابت ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US