21 ہزار طالب علموں کی شرکت: پی سی بی اسکول ٹیلنٹ ہنٹ کا دوسرا سیزن تیار

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام فار اسکولز کے دوسرے سیزن کا باقاعدہ آغاز 19 ستمبر سے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہو رہا ہے۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ روایتی حریفوں بیکن ہاؤس اور ایچیسن کالج کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، جس میں بیکن ہاؤس کی قیادت یعقوب خان جبکہ ایچیسن کالج کی کپتانی داؤد توقیر رانا کریں گے۔ دونوں کپتان پاکستان انڈر 17 کے کیمپ میں بھی منتخب ہو چکے ہیں اور وہ اس سیزن اوپنر کے لیے انتہائی پرجوش ہیں۔

سینئر جنرل مینیجر ڈومیسٹک کرکٹ اسامہ شارون کے مطابق پہلے سیزن کی شاندار کامیابی کے بعد اس سال 21 ہزار اسکول اسٹوڈنٹس اس ٹورنامنٹ کا حصہ بن رہے ہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اسکول کرکٹ کی بہتری کے لیے خصوصی بجٹ کی منظوری دی ہے، جس کے تحت پی سی بی نے چیئرمین کے ویژن کے مطابق تمام اسکولوں کو کٹس، کوچز اور گراؤنڈز کی سہولیات فراہم کی ہیں۔

افتتاحی میچ کے اختتام پر معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا میوزیکل کنسرٹ بھی منعقد کیا جائے گا۔ ہفتے کے روز قذافی اسٹیڈیم میں شائقینِ کرکٹ کے لیے داخلہ بالکل مفت ہو گا، اور اسامہ شارون نے کرکٹ شائقین سے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم آ کر اسکول کرکٹ کے اس اوپننگ میچ کو دیکھنے کی اپیل کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US