تاوینگوا مُکوہلانی آئی سی سی کے نئے ڈپٹی چیئرمین مقرر

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے بورڈ نے زمبابوے کرکٹ کے چیئرمین تاوینگوا مُکوہلانی کو نومبر 2027ء تک کے لیے اپنا نیا ڈپٹی چیئرمین مقرر کردیا ہے۔ وہ عمران خواجہ کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔

تاوینگوا مُکوہلانی، جو آئی سی سی بورڈ میں زمبابوے کی نمائندگی کرتے ہیں، اس وقت آئی سی سی کی فنانس اینڈ کمرشل افیئرز کمیٹی اور نامزدگیوں کی کمیٹی کے رکن ہیں جبکہ ایچ آر اینڈ ریمونریشن کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ڈپٹی چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے والے پہلے زمبابوین بن گئے ہیں۔

یہ تقرری افریقی کرکٹ کے لیے ایک اہم موقع پر سامنے آئی ہے، کیونکہ زمبابوے جنوبی افریقہ اور نمیبیا کے ساتھ مل کر آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027ء کی میزبانی کی تیاریاں کر رہا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے ذریعے 24 سال بعد عالمی کپ کی افریقہ واپسی ہو رہی ہے۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے تاوینگوا مُکوہلانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ایڈمنسٹریشن میں ان کا تجربہ، عالمی کرکٹ کی تفہیم اور اس کی ترقی کے لیے لگن آئی سی سی بورڈ کے لیے انتہائی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ کی عالمی توسِیع اور اولمپک کھیلوں میں اس کی واپسی کے دور میں مضبوط قیادت کا ہونا ضروری ہے اور وہ تاوینگوا کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواشمند ہیں۔

اپنی تقرری پر تاوینگوا مُکوہلانی نے آئی سی سی بورڈ کے ڈائریکٹرز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس اعتماد پر فخر محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کی قیادت اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کرکٹ کے عالمی فروغ، اراکین کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے اور کھیل کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے بورڈ کے ساتھ مل کر کام کرتے رہیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US