اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ: رواں سال 2895 میچز کھیلے جائیں گے، محسن نقوی

image

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پی سی بی اسکول کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوسرے سیزن کا افتتاح کردیا۔

افتتاحی میچ میں ایچی سن کالج نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جبکہ ایچی سن کالج اور بیکن ہاؤس اسکول کی ٹیمیں مدمقابل ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ گزشتہ سال اسکول کرکٹ پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا اور پہلے سیزن میں تقریباً ساڑھے 4 سو اسکولوں نے حصہ لیا تھا۔ رواں سال ایک ہزار سے زائد اسکولوں کی شرکت کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق رواں سال ملک کے 100 اضلاع سے 1400 اسکولوں کے تقریباً 21 ہزار طلبہ پروگرام میں حصہ لیں گے، جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت 2895 میچز کھیلے جائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کے 50 بہترین اسکولوں کو پی سی بی کی جانب سے سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ صوبائی حکومتوں کے ذریعے اسکولوں کی تعداد مزید بڑھائی جائے گی۔

محسن نقوی نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور آئندہ سال پروگرام کے نتائج مزید بہتر ہوں گے۔

قذافی اسٹیڈیم آمد پر چیئرمین پی سی بی نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور جونیئر کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر پی سی بی کے سی او او سمیر احمد اور سینئر جنرل منیجر اسامہ شارون بھی ان کے ہمراہ تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US