شاداب خان کے معاملے پر توصیف احمد اور ثقلین مشتاق میں لفظی جنگ

image

قومی ٹیم کے اسپن آل راؤنڈر شاداب خان کی قومی ٹیم میں شمولیت کے معاملے پر پاکستان کے سابق ٹیسٹ اسپنرز توصیف احمد اور ثقلین مشتاق کے درمیان اختلاف سامنے آگیا۔

سوشل میڈیا پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے توصیف احمد نے دعویٰ کیا کہ ثقلین مشتاق نے شاداب خان کی حمایت کے لیے انہیں فون کیا اور کسی دوسرے شخص کے ذریعے بھی بات کروائی، جس کی مبینہ ریکارڈنگ ان کے پاس موجود ہے۔

توصیف احمد نے کہا کہ فیورٹ ازم کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی کھلاڑی اچھی کارکردگی نہ دکھا رہا ہو اور اس کے باوجود اسے فیور کیا جائے تو یہ دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ سفیان مقیم کا کیا قصور ہے؟

دوسری جانب ثقلین مشتاق نے سوشل میڈیا پر توصیف احمد کے بیان کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے پاس ریکارڈنگ موجود ہے تو اسے عوام کے سامنے جاری کریں۔

ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ انہوں نے توصیف احمد کو احترام کے ساتھ فون کیا تھا کیونکہ وہ انہیں اپنا سینئر سمجھتے تھے۔ انہوں نے توصیف احمد سے کہا کہ جھوٹ نہ بولیں اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش نہ کریں۔

ثقلین مشتاق نے مزید کہا کہ ان کے پاس بھی مکمل ریکارڈ موجود ہے، اگر توصیف احمد اپنی ریکارڈنگ عوام کے سامنے لاتے ہیں تو وہ بھی اپنا ریکارڈ جاری کردیں گے تاکہ عوام خود سچ سن کر حقیقت کا فیصلہ کرسکیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US