ایشیا کپ کی مینز اور ویمنز دونوں ٹرافیاں بدستور پاکستان میں موجود ہیں اور ذرائع کے مطابق فی الحال ان کے بھارت منتقل ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹرافیاں جلد حاصل کرنے کی امید ظاہر کی تھی تاہم ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں پاکستان میں موجود ہیں اور کہیں نہیں جا رہیں۔
گزشتہ برس بھارتی مینز ٹیم نے دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہیں کی تھی جبکہ گزشتہ اتوار بھارتی ویمن ٹیم نے بھی ٹائٹل جیتنے کے باوجود ٹرافی وصول نہیں کی۔
ذرائع کے مطابق دونوں ٹرافیاں وصول کرنے کے لیے بھارت کو رضامندی ظاہر کرنا ہوگی جبکہ ٹرافیاں اے سی سی کے صدر محسن نقوی ہی دیں گے۔
دوسری جانب بی سی سی آئی کے سیکریٹری دیواجیت سائیکیا نے کہا تھا کہ ایشیا کپ کی دونوں ٹرافیاں ایک دن ممبئی میں بی سی سی آئی ہیڈکوارٹر ضرور پہنچیں گی، تاہم انہوں نے ٹرافیوں کی واپسی کے لیے کوئی حتمی ٹائم لائن دینے سے گریز کیا تھا۔