پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور اور نوجوان کھلاڑیوں نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی سے ملاقات کی ہے اور ان کے لیے انڈر 19 سطح پر پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کے اجرا پر گہرے جذبے کا اظہار کیا ہے۔
شاہد انور نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انگلینڈ کے دورے پر بہترین کارکردگی دکھانے کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا، ان سے انفرادی ملاقاتیں کیں اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ انڈر 19 کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا ایک انتہائی خوش آئند قدم ہے جس سے نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر کارکردگی کی ترغیب ملے گی اور ان کا اعتماد مزید بڑھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین پی سی بی کی یہ سرپرستی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف دونوں کے لیے باعثِ تقویت ہے۔
ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ ملتان میں لگائے جانے والے انڈر 19 ڈیولپمنٹ کیمپس سے کھلاڑیوں کو بے پناہ فائدہ ہوا ہے اور گزشتہ دو برسوں میں ان کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین پی سی بی سے ہونے والی ملاقات کو انتہائی حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار انڈر 19 سطح پر سینٹرل کنٹریکٹس ملنا پوری ٹیم کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
دیگر کھلاڑیوں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ سے نوجوان کھلاڑیوں کا اعتماد بڑھے گا اور وہ اپنی کرکٹ پر مزید بھرپور توجہ دے سکیں گے۔ کھلاڑی جہانگیر بلال کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے وہ نہ صرف اپنے کھیل پر فوکس رکھ سکیں گے بلکہ اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر پائیں گے۔ رضوان اللہ نے بھی اس تاریخی فیصلے پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان ان کے لیے ایک بہت بڑی حوصلہ افزائی ہے۔