ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے پاکستان کو پہلی کامیابی کے لیے کافی انتظار کرنا پڑا۔ سری لنکا کے اوپنرز کمیندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
لاہور میں کھیلے گئے پاکستان ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے کمیندو مینڈس کی شاندار سنچری اور پاون رتھنائیکے کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرنے والے پاکستان کو پہلی کامیابی کے لیے کافی انتظار کرنا پڑا۔ سری لنکا کے اوپنرز کمیندو مینڈس اور اویشکا فرنینڈو نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کے لیے 86 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو مضبوط آغاز فراہم کیا۔
اویشکا فرنینڈو نے 49 گیندوں پر 38 رنز بنائے، جس میں تین چوکے اور ایک چھکا شامل تھا، جبکہ کمیندو مینڈس نے شاندار فارم برقرار رکھتے ہوئے اپنے ون ڈے کیریئر کی پہلی سنچری سکور کی۔ انھوں نے 128 گیندوں پر 131 رنز کی اننگز کھیلی، جس میں 12 چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔
پاکستان کو 18ویں اوور میں اس وقت بریک تھرو ملا جب سلمان آغا نے اویشکا فرنینڈو کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ سری لنکن بلے باز نے ریویو لیا، تاہم امپائر کا فیصلہ برقرار رہا اور 86 رنز کی شراکت اختتام کو پہنچ گئی۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد پاکستان نے رنز کی رفتار کم کرنے کی کوشش کی۔ حارث رؤف نے تیز اور نپی تلی باؤلنگ کے ذریعے دباؤ بڑھایا، جبکہ سلمان آغا نے اپنی سپن سے سری لنکن بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔
پاکستان کو دوسری کامیابی 22ویں اوور میں ملی جب سری لنکن کپتان کُسل مینڈس نے سلمان آغا کی گیند کو سیدھا واپس کھیلنے کی کوشش کی، لیکن پاکستانی آل راؤنڈر نے برق رفتاری سے ردعمل دیتے ہوئے اپنے سر کے اوپر دونوں ہاتھوں سے شاندار ریفلیکس کیچ تھام لیا۔
کرکٹ تجزیہ کار تیز رفتاری سے آنے والی گیند پر اس کیچ کو فائنل کے اب تک کے بہترین لمحات میں شمار کر رہے ہیں۔
کُسل مینڈس کے آؤٹ ہونے کے بعد پاون رتھنائیکے نے کمیندو مینڈس کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے 146 رنز کی شاندار شراکت قائم کی، جس نے سری لنکا کو بڑے مجموعے کی جانب گامزن کر دیا۔ رتھنائیکے نے 65 گیندوں پر 77 رنز بنائے، جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔
کمیندو مینڈس کی اننگز کا خاتمہ 42ویں اوور میں ہوا جب شاہین شاہ آفریدی نے انھیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد داسن شناکا نے مختصر مگر جارحانہ 17 رنز بنائے، تاہم پاکستانی فاسٹ باؤلرز نے آخری اوورز میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے مسلسل وکٹیں حاصل کیں۔
پاکستان کے باؤلرز نے آخری 10 اوورز میں صرف 86 رنز دیے اور چھ وکٹیں حاصل کر کے سری لنکا کو 350 رنز کے قریب پہنچنے سے روک دیا۔ میزبان ٹیم کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سلمان آغا نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور اب پاکستان کو ٹرافی اپنے نام کرنے کے لیے 326 رنز درکار ہیں۔
سری لنکا کی ٹیم میں کمیندو مینڈس، اویشکا فرنینڈو، کُسل مینڈس (کپتان، وکٹ کیپر)، پاون رتھنائیکے، سہان آراچچیگے، جینتھ لیاناگے، داسن شناکا، دونیتھ ویلالاگے، مہیش تھیکشانا، اسیتھا فرنینڈو، دلشان مدوشنکا شامل ہیں۔
جبکہ پاکستان کی ٹیم میں معاذ صداقت، فخر زمان، بابر اعظم، سعد بیگ (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، حسن نواز، عرفات منہاس، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، نسیم شاہ، حارث رؤف شامل ہیں۔