پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان ساڑھے 6 کروڑ یورو مالیت کے معاہدوں پر دستخط ہوگئے، جن کے تحت پاکستان میں تین اہم ترقیاتی پروگرام شروع کیے جائیں گے۔
معاہدوں پر سیکرٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے دستخط کیے۔ وزارت اقتصادی امور کے مطابق ان پروگراموں کا مقصد پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ، قانون کی حکمرانی اور کاروباری ماحول کو مزید بہتر بنانا ہے۔
معاہدوں کے تحت توانائی اور ماحولیاتی استحکام سے متعلق اقدامات کو بھی آگے بڑھایا جائے گا، جبکہ گلوبل گیٹ وے پروگرام کے ذریعے پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔
پروگرام کے تحت ٹیکس نظام اور طویل مدتی مالیاتی منصوبہ بندی کو بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ خیبرپختونخوا کے آف گرڈ دیہی علاقوں میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے ساتھ توانائی کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری اور شراکت داری بڑھانے پر بھی توجہ دی جائے گی۔
معاہدوں کے تحت خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں شہریوں کی انصاف تک رسائی بہتر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے، جبکہ پنجاب اور سندھ میں متبادل تنازعات اور تجارتی تنازعات کے حل کے نظام کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔
وزارت اقتصادی امور کے مطابق پروگراموں سے یورپی اور دیگر غیرملکی کمپنیوں کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھانے میں مدد ملے گی۔
سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم نے کہا کہ یہ پروگرام پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری بڑھانے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔ ان اقدامات سے دیہی علاقوں میں بجلی کی رسائی بہتر بنانے اور تجارتی تنازعات کے مؤثر حل میں مدد ملے گی۔
یورپی یونین کے سفیر ریمونڈاس کروبلیس نے کہا کہ معاہدے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے یورپی یونین کے عزم کا اظہار ہیں۔