اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب کے دوران فلسطین اور جموں و کشمیر کے مسائل کو خصوصی طور پر اجاگر کریں گے۔
نیویارک میں وزیراعظم کے دورے سے متعلق میڈیا بریفنگ میں سفیر عاصم افتخار احمد نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف 25 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے جس میں پاکستان کا مؤقف عالمی برادری کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی تقریر میں فلسطین اور کشمیر کے علاوہ کثیرالجہتی تعاون، موسمیاتی تبدیلی، پائیدار ترقی، دہشت گردی کے خلاف اقدامات، اسلاموفوبیا، عالمی اقتصادی چیلنجز، اقوام متحدہ میں اصلاحات اور عالمی جنوب کو درپیش مسائل بھی زیرِ بحث آئیں گے۔
عاصم افتخار احمد کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اپنے دورہ نیویارک کے دوران متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور مختلف اہم عالمی معاملات پر پاکستان کا مؤقف واضح کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ایپل کے ایگزیکٹو چیئرمین ٹِم کُک کے درمیان ملاقات کا انتظام کرنے کی بھی کوشش کی جا رہی ہے۔
وزیراعظم کا دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اعلیٰ سطح کا اجلاس جاری ہے اور عالمی رہنماؤں کی توجہ خصوصاً مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال سمیت متعدد بین الاقوامی بحرانوں پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم اپنے خطاب میں عالمی امن، علاقائی صورتحال اور درپیش چیلنجز کے حوالے سے پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کریں گے۔