معاشی تھنک ٹینک اکنامک پالیسی اینڈ بزنس ڈویلپمنٹ نے پاکستان کی تجارتی پالیسی سے متعلق اپنی رپورٹ میں ضلعی سطح پر تجارتی حکمت عملی مرتب کرنے کی سفارش کردی۔
رپورٹ کے مطابق اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد صنعت، زراعت اور ہنرمندی سمیت متعدد اہم شعبے صوبوں کو منتقل ہوچکے ہیں، تاہم تجارتی پالیسی اب بھی زیادہ تر وفاقی سطح پر تشکیل دی جا رہی ہے۔
تھنک ٹینک نے تجویز دی ہے کہ نئی تجارتی پالیسی کے لیے نچلی سطح سے حکمت عملی تیار کی جائے اور اضلاع کو بھی تجارتی منصوبہ بندی کے عمل میں شامل کیا جائے، تاکہ مقامی سطح پر موجود صنعتی، زرعی اور ہنرمندی کی صلاحیتوں کو برآمدات بڑھانے کے لیے مؤثر انداز میں بروئے کار لایا جاسکے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2009 سے 2025 تک پاکستان کے تمام ٹریڈ پالیسی فریم ورک برآمدی اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ 2009 سے 2012 کے دوران برآمدات کے مقررہ ہدف کے مقابلے میں 4.45 فیصد شارٹ فال ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق تجارتی پالیسی میں ضلعی سطح پر موجود مواقع، پیداواری صلاحیت اور مقامی صنعتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے حکمت عملی مرتب کرنے سے برآمدی بنیاد کو وسعت دینے میں مدد مل سکتی ہے۔