پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت حج بکنگ کے حوالے سے عازمین کی شکایات پر وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے نوٹس لے لیا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق بعض عازمین کی جانب سے شکایات موصول ہوئی ہیں کہ حج پورٹل پر متعلقہ ٹور آپریٹر کا کوٹہ اور نشستیں دستیاب ظاہر ہونے کے باوجود رابطہ کرنے پر انہیں کوٹہ مکمل ہونے کا بتایا جا رہا ہے۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی عازم حج کو ایسی صورتحال کا سامنا ہو تو وہ معاملے کی باقاعدہ شکایت درج کرا سکتا ہے۔ عازمین حج پاک حج ایپ کے ’’انکوائری‘‘ آپشن کے ذریعے شکایت درج کرا سکتے ہیں، جبکہ سیکشن آفیسر مانیٹرنگ، وزارت مذہبی امور کو [email protected] پر بھی شکایت ارسال کی جا سکتی ہے۔
وزارت کے مطابق موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا جائے گا اور حج پورٹل پر ظاہر ہونے والے دستیاب کوٹے اور متعلقہ ٹور آپریٹر کی جانب سے فراہم کردہ معلومات میں فرق کی صورت میں معاملے کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ ایسی شکایات کو متعلقہ کمپنی سے متعلق مانیٹرنگ رپورٹ کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔
وزارت مذہبی امور نے پرائیویٹ عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ ایسے کسی بھی معاملے میں خاموش رہنے کے بجائے ٹور آپریٹر کا نام، دستیاب کوٹے سے متعلق معلومات اور دیگر شواہد کے ساتھ وزارت کے شعبہ مانیٹرنگ کو آگاہ کریں تاکہ شکایت کا بروقت ازالہ کیا جا سکے۔
وزارت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ حج اسکیم میں عازمین حج کے مفادات کا تحفظ اور بکنگ کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا وزارت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔