چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں خیبرپختونخوا میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے ان کی مسلسل خدمات اور عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور آپریشنل تیاری کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر کمانڈر پشاور کور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔