مصری اسٹار فٹبالر محمد صلاح سے ترک شائقین کی محبت کا ایک دلچسپ انداز سامنے آیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق ترکیے کے شہر طرابزون کے وادی کورت دیرہ میں محمد صلاح نے دورے کے دوران ایک پتھر پر بیٹھ کر تصویر بنوائی تھی، جو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد شائقین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
صلاح کی تصویر دیکھنے کے بعد بڑی تعداد میں فٹبال مداح اسی مقام پر پہنچنے لگے اور اس پتھر پر بیٹھ کر اپنی تصاویر بنوانا شروع کردیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے وہ عام پتھر شائقین کے لیے خاص اہمیت اختیار کرگیا۔
مداحوں کی بڑھتی ہوئی آمد کے باعث وادی کے اطراف کھانے پینے کے اسٹالز بھی قائم ہوگئے، جبکہ ترک شہریوں کی بڑی تعداد اس جگہ کا رخ کرنے لگی۔ شائقین نے وادی کو بھی محمد صلاح سے منسوب کرنا شروع کردیا۔
محمد صلاح کے ترکیے منتقل ہونے کے بعد مقامی شائقین میں ان کی مقبولیت مزید نمایاں ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق برطانوی کلب چھوڑنے کے بعد وہ طرابزون اسپور سے وابستہ ہوگئے ہیں اور ان کی سالانہ تنخواہ 17 ملین یورو طے کی گئی ہے، جو ترک سپر لیگ میں سب سے زیادہ بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب محمد صلاح کو انگلینڈ میں تیز رفتاری کے معاملے پر قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا پڑا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق مارچ 2026 میں ان کے نام پر رجسٹرڈ رولز رائس مقررہ رفتار سے زیادہ تیز چلتے ہوئے اسپیڈ کیمرے میں ریکارڈ ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کی جانب سے پوچھے جانے پر صلاح نے یہ نہیں بتایا کہ خلاف ورزی کے وقت گاڑی کون چلا رہا تھا، جس کے بعد انگلینڈ میں ان کا ڈرائیونگ لائسنس 6 ماہ کے لیے معطل کردیا گیا۔