وزیراعظم محمد شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے مختصر پاکستانی وفد کے ہمراہ نیویارک پہنچ گئے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی دورے کے دوران ان کے ہمراہ ہوں گے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف 25 ستمبر 2026 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں علاقائی اور عالمی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور ڈائیلاگ، سفارت کاری اور تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت پر زور دیں گے۔
وزیراعظم خطے میں کشیدگی کے خاتمے، امن و استحکام کے فروغ اور پاکستان کی فعال سفارتی و ثالثی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔ وہ پائیدار ترقی، موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی کے خلاف جنگ، اسلاموفوبیا اور عالمی اقتصادی چیلنجز سمیت اہم عالمی امور پر پاکستان کی ترجیحات بھی پیش کریں گے۔
وزیراعظم اپنے خطاب میں مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین میں طویل عرصے سے جاری قبضے اور عوام کو حق خودارادیت سے محرومی کے مسائل پر عالمی برادری کی توجہ مبذول کرائیں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ترقی، موسمیاتی اقدامات اور دیگر اہم عالمی امور سے متعلق متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں شرکت کریں گے اور پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے۔
دورے کے دوران وزیراعظم جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں موجود مختلف عالمی رہنماؤں اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔