وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی وزارت داخلہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنے ایرانی ہم منصب اسکندر مومنی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی وزارتِ داخلہ کے درمیان مختلف شعبوں میں جاری تعاون پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
اسکندر مومنی نے کہا کہ ایران خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کی مسلسل کاوشوں کا شکر گزار ہے۔ انہوں نے پاکستان کے حالیہ دورے کو بھی مفید قرار دیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ آنے والے وقت میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔