سیکیورٹی ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ پاک فوج نے کرم سیکٹر میں فتنہ الخوارج کی مبینہ دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے افغان جانب سے ہونے والی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا، جس کے نتیجے میں افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹیں خالی ہوگئیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان صوبوں ننگرہار اور پکتیا میں موجود افغان پوسٹوں سے افغان طالبان کی نگرانی میں فتنہ الخوارج کے عناصر کی دراندازی کی کوشش کی گئی، تاہم پاکستانی سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوشش ناکام بنا دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دراندازی کی ناکامی کے بعد افغان طالبان نے کرم سیکٹر میں پاکستانی سرحدی چوکیوں پر بلااشتعال فائرنگ کی اور بھاری ہتھیاروں، مارٹرز سمیت مختلف نوعیت کے اسلحے کا استعمال کیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان طالبان کی متعدد سرحدی پوسٹوں اور مارٹر پوزیشنز کو نشانہ بنایا۔ کارروائی میں چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں کے ساتھ توپ خانے کا بھی استعمال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان جانب سے فائرنگ کا سلسلہ خاموش ہوگیا جبکہ افغان طالبان کو متعدد پوسٹیں خالی کرکے پسپائی اختیار کرنا پڑی۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فورسز نے سرحدی علاقوں میں کنٹرول برقرار رکھا ہوا ہے اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ کسی بھی ممکنہ اشتعال انگیزی یا جارحیت کا فوری جواب دینے کے لیے سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر الرٹ ہیں۔