وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نیویارک میں گیٹس فاؤنڈیشن کے چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں پولیو کے خاتمے، ماں اور بچے کی صحت، غذائیت، حفاظتی ٹیکہ جات، ڈیجیٹلائزیشن، مالیاتی شمولیت اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم نے ملاقات کے دوران رواں ماہ کے اوائل میں گیٹس فاؤنڈیشن کی ٹیم کے دورۂ پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں فاؤنڈیشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے پختہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس مقصد کے لیے گیٹس فاؤنڈیشن کی طویل عرصے سے جاری معاونت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے اپنے ذاتی عزم کا بھی اظہار کیا۔ بل گیٹس نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے وزیراعظم کی قیادت میں جاری کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ نسلوں کو اس موذی مرض سے محفوظ بنانے کے لیے پولیو کا مکمل خاتمہ انتہائی اہم ہے۔
بل گیٹس نے ملک بھر میں پولیو ویکسینیشن پروگرام کے حوالے سے صوبائی حکومتوں کو وزیراعظم کی جانب سے فراہم کی جانے والی رہنمائی کو بھی سراہا۔
وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں گیٹس فاؤنڈیشن کے کردار کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے صحت عامہ، زراعت، ڈیجیٹل جدت اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید وسعت دینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے بل گیٹس کو حکومت کی جانب سے زرعی شعبے میں کیے جانے والے اصلاحاتی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ زرعی اصلاحات میں جدت، بایوٹیکنالوجی، موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت، تحقیق اور کسانوں کی استعداد کار بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
دونوں جانب سے بہتر بیجوں کی تیاری، مویشیوں کی جینیاتی بہتری اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان کی پائیدار ترقی، تکنیکی پیش رفت اور سماجی شعبے میں بہتری کے لیے شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے بل گیٹس کو ان کے سابقہ دورۂ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے انہیں جلد دوبارہ پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔