مالدیپ کی نیشنل اسمبلی کے اسپیکر عبد الرحیم عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے پی آئی اے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔
وفد میں مالدیپ کے ہائی کمشنر، سیکنڈ سیکرٹری، ڈپٹی لیڈر اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے جبکہ پاکستان مالدیپ فرینڈشپ گروپ کی کنوینر اور رکن قومی اسمبلی شائستہ خان بھی وفد کے ہمراہ موجود تھیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق وفد کو حکومت پاکستان کی جانب سے ’اسٹیٹ گیسٹ‘ کا درجہ دیا گیا ہے۔ سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیات نے وفد کا استقبال کیا۔
ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان براہ راست پروازیں شروع کرنے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ مالدیپ کے اسپیکر نے کہا کہ براہ راست فضائی روابط سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سیاحت اور عوامی رابطوں کو فروغ ملے گا۔
سی ای او پی آئی اے نے کہا کہ فضائی بیڑے میں طیاروں کے اضافے کے ساتھ مالدیپ کے لیے براہ راست پروازیں شروع کردی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو براہ راست فضائی رابطوں کے ذریعے جوڑنا پی آئی اے کے عزم کا حصہ ہے۔
ملاقات کے اختتام پر سی ای او پی آئی اے نے مالدیپ کے وفد کو یادگاری شیلڈز اور خصوصی تحائف پیش کیے۔