ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون بولر بن گئے

image

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے جاری کردہ پلیئرز کی نئی رینکنگ کے مطابق پاکستان کے اسپنر ابرار احمد اپنے کیریئر میں پہلی بار ٹی ٹوئنٹی بولنگ رینکنگ میں پہلے نمبر پر آگئے ہیں۔

انہوں نے افغانستان کے راشد خان کو پیچھے چھوڑا جو گزشتہ چھ ماہ سے سرفہرست پوزیشن پر براجمان تھے۔ ابرار احمد ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں نمبر ون بننے والے پانچویں پاکستانی بولر ہیں، اس سے قبل عمر گل، سعید اجمل، عماد وسیم اور شاہد آفریدی بھی یہ اعزاز حاصل کرچکے ہیں۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کیریئر کی بہترین چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے پہلے میچ میں ناٹ آؤٹ 114 رنز سمیت مجموعی طور پر 170 رنز اسکور کیے اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔

اسی سیریز میں شاندار کارکردگی کے بعد جوز بٹلر دو درجے ترقی کے ساتھ پانچویں، جیمی اوورٹن 47 درجے کی لمبی چھلانگ کے ساتھ چھٹے، جبکہ لیام ڈاؤسن 12 درجے بہتری کے بعد 11ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ انگلینڈ کے ول جیکس آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔

دیگر بلے بازوں میں بھارتی کرکٹر شریاس ایئر سات درجے ترقی کے ساتھ مشترکہ 22ویں اور انگلینڈ کے ٹام بینٹن 30 درجے ترقی کر کے 60ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولنگ میں بھارت کے اکشر پٹیل 15ویں اور روی بشنوئی 35ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ ون ڈے رینکنگ میں زمبابوے کے سکندر رضا پانچ درجے ترقی کے ساتھ 24ویں اور آسٹریلیا کے جوش انگلس 11 درجے بہتری کے ساتھ 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔

بولنگ میں آسٹریلیا کے ناتھن ایلس زمبابوے کے خلاف سیریز میں 9 وکٹیں حاصل کر کے کیریئر کی بہترین 17ویں پوزیشن پر آگئے ہیں، جبکہ سری لنکا کے آسیتھا فرنینڈو 39ویں سے 30ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US