فیجیٹل گیمز 2026 کے دوسرے ایڈیشن کا باقاعدہ آغاز 26 ستمبر سے ہو رہا ہے، جس کے کوالیفائنگ راؤنڈز ملک کے چار بڑے شہروں لاہور، کراچی، اسلام آباد اور فیصل آباد میں منعقد کیے جائیں گے۔
جدول کے مطابق مقابلے کا آغاز لاہور سے ہوگا جہاں فیجیٹل فٹ سال کے مقابلے 26 اور 27 ستمبر کو جبکہ فیجیٹل باسکٹ بال کے مقابلے 3 اور 4 اکتوبر کو ہوں گے۔ کراچی میں فیجیٹل فٹ سال اور باسکٹ بال کے مقابلے 5 سے 8 اکتوبر تک کھیلے جائیں گے۔
اس کے بعد فیصل آباد میں دونوں کھیلوں کے مقابلے 8 سے 11 اکتوبر تک جاری رہیں گے، جبکہ اسلام آباد میں یہ مقابلے 22 سے 25 اکتوبر تک منعقد ہوں گے۔
کوالیفائنگ مرحلے کے تحت ہر شہر سے چار چار ٹیمیں فائنل راؤنڈ میں جگہ بنائیں گی، جس کے نتیجے میں فیجیٹل فٹ سال اور فیجیٹل باسکٹ بال دونوں کے فائنل راؤنڈز میں 16، 16 ٹیمیں مدِمقابل ہوں گی۔
ایونٹ کے فائنل راؤنڈز لاہور میں کھیلے جائیں گے، جن میں فیجیٹل فٹ سال کا فائنل راؤنڈ 21 اور 22 نومبر کو جبکہ فیجیٹل باسکٹ بال کا فائنل راؤنڈ 28 اور 29 نومبر کو ہوگا۔