کراچی کے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز (این آئی سی وی ڈی) کے ڈاکٹروں نے بلوچستان کے ضلع خضدار سے تعلق رکھنے والے 12 سالہ بچے کے دل میں پیوست گولی نکال کر اس کی جان بچالی۔ انتہائی پیچیدہ اور ہنگامی نوعیت کی یہ سرجری کامیابی سے مکمل ہونے کے بعد بچے کو صحت یابی کی حالت میں اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
بچے کو خضدار شہر میں حادثاتی طور پر گولی لگ گئی تھی، جس کے بعد اسے ابتدائی طبی امداد کے لیے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم دل میں لگی گولی کے باعث اس کی حالت تشویشناک تھی جس کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا۔
کراچی پہنچنے کے بعد بچے کو مختلف اسپتالوں میں لے جایا گیا تاہم بالآخر اسے انتہائی نازک حالت میں این آئی سی وی ڈی کے پیڈیاٹرک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ پہنچایا گیا۔ ڈاکٹروں نے فوری معائنہ کیا اور ہنگامی ایکو کارڈیوگرافی کے ذریعے تصدیق کی کہ گولی بچے کے دل کے اندر موجود ہے۔
صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے طبی ٹیم نے مزید تاخیر کیے بغیر ہنگامی آپریشن کا فیصلہ کیا اور بچے کو چند ہی منٹوں میں آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا۔
تقریباً دو گھنٹے تک جاری رہنے والی پیچیدہ سرجری این آئی سی وی ڈی کے شعبہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجری کے سربراہ پروفیسر سہیل خان بنگش کی سربراہی میں کی گئی جبکہ پیڈیاٹرک کارڈیک سرجن ڈاکٹر سعد بدر بھی آپریشن کرنے والی ٹیم میں شامل تھے۔
اس کے علاوہ پیڈیاٹرک انٹروینشنسٹ ڈاکٹر عبد الستار، اینستھیٹسٹ پروفیسر امین خواجہ سمیت دیگر ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملے نے بھی علاج کے عمل میں حصہ لیا۔
پروفیسر سہیل خان بنگش کے مطابق بچہ انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچا تھا اور مزید تاخیر اس کی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتی تھی۔ فوری طبی معائنے کے بعد ہنگامی سرجری کا فیصلہ کیا گیا اور پیچیدہ طریقۂ کار کے دوران گولی کامیابی سے نکال لی گئی۔
آپریشن کے بعد بچے کو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں کی کڑی نگرانی میں اس کی حالت میں بہتری آئی۔ بعد ازاں صحت کی صورتحال تسلی بخش ہونے پر اسے اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔
این آئی سی وی ڈی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر طاہر صغیر نے بچے کی جان بچانے میں کردار ادا کرنے والی سرجیکل اور معاون ٹیموں کی بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ خدمات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ این آئی سی وی ڈی سندھ سمیت پاکستان کے دیگر علاقوں سے آنے والے مریضوں کو جدید اور خصوصی امراضِ قلب کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، جبکہ ادارے میں پیچیدہ اور ہنگامی نوعیت کے کارڈیک کیسز سے نمٹنے کے لیے ضروری طبی مہارت اور سہولیات موجود ہیں۔
یہ کامیاب آپریشن اس بات کی ایک اور مثال ہے کہ این آئی سی وی ڈی میں ملک کے مختلف علاقوں سے آنے والے پیچیدہ اور جان لیوا امراضِ قلب کے مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔