پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پیشگی انتظامات کی ہدایت

image

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مؤثر عملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کے باوجود ایندھن کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر عملدرآمد کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں متعلقہ اداروں اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل اور سپلائی کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال یا سڑکوں کی بندش کی صورت میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل متاثر نہیں ہونی چاہیے۔

ایڈیشنل سیکریٹری ریلوے نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ سڑکوں کی بندش کی صورت میں ڈیزل کی ترسیل کے لیے پاکستان ریلوے زیادہ سے زیادہ ٹرین بوگیاں دستیاب کرے گا جبکہ بالخصوص خیبرپختونخوا میں ایندھن کی سپلائی برقرار رکھنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر نے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کو ڈپوؤں پر وافر مقدار میں ایندھن کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پیشگی اقدامات کی ہدایت کی۔ پی ایس او حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ ممکنہ تعطل کے پیش نظر اہم ڈپوؤں پر اضافی پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ پہلے ہی کرلیا گیا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اوگرا کی جانب سے خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر نے اٹک ریفائنری کو خام تیل کی مسلسل فراہمی اور تیار مصنوعات کی بروقت ترسیل یقینی بنانے کے لیے بھی ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔

وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں اسکیم میں شامل 10 ہزار پیٹرول پمپس میں سے 8 ہزار 500 سے زائد کو ادائیگیاں کردی گئی ہیں جبکہ باقی پیٹرول پمپس کو ادائیگیوں کا عمل روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے۔

علی پرویز ملک نے ہدایت کی کہ اکاؤنٹ نمبرز میں معمولی مسائل سمیت ادائیگیوں کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں فوری دور کرکے باقی پیٹرول پمپس کو بھی ادائیگیاں مکمل کی جائیں۔

وفاقی وزیر نے اوگرا کو ہدایت کی کہ اہل صارفین کو وزیراعظم فیول ریلیف سے محروم کرنے والے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشنز نے وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی جس پر وفاقی وزیر نے ایسوسی ایشنز کا شکریہ ادا کیا۔

چیئرمین پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ اسکیم کامیابی سے جاری ہے اور حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔ ہمایوں خان اور نعمان بٹ نے پٹرول پمپ مالکان کو اعتماد میں لینے پر حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسکیم کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

چیئرمین او سی اے سی نوید تنویر عباسی نے کہا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم عوام کو ریلیف فراہم کرنے کا اچھا اقدام ہے۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی اور وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم پر مؤثر عملدرآمد کے لیے تمام ادارے اپنا کردار ادا کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US