وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔
ملاقات میں پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ سطح پر بڑھتے ہوئے روابط پر اطمینان کا اظہار کیا گیا، جبکہ دوطرفہ تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت یورپی یونین کے ساتھ مسلسل اور مؤثر روابط جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رہنماؤں نے مذاکرات، سفارت کاری، بین الاقوامی قانون کی پاسداری اور تنازعات کے پُرامن حل کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر انتونیو لوئس سانتوس دا کوستا اور یورپی کمیشن کی صدر ارسلا گرتروڈ وان ڈیر لیین کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے لیے یورپی یونین کی قیادت کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔