وزیراعظم شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں اور کمیونٹی وفود کی ملاقاتیں

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی اور نوجوانوں کے وفود نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں، جن میں پاکستان کی ترقی، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، آئی ٹی، مصنوعی ذہانت، صحت، کاروبار اور سماجی شعبوں میں تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم سے ملاقات کرنے والے پاکستانی نوجوانوں کے وفد میں شعبہ صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، سماجی کاروبار، یوتھ این جی اوز اور مختلف شعبوں سے وابستہ پروفیشنلز شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کو پاکستان کی ترقی کے لیے تجاویز دینے اور اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں اور انہیں یقین ہے کہ پاکستان کی تقدیر نوجوان ہی بدل سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان بھر کے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور جدید ہنر کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے اقدامات کر رہی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کی حیثیت سے باصلاحیت نوجوانوں کو لیپ ٹاپس اور وظائف کی فراہمی جبکہ معاشی طور پر کمزور طلبہ و طالبات کو دانش اسکولز کے ذریعے یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا، جسے بطور وزیراعظم بھی جاری رکھا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ معاشی طور پر کمزور بچوں کو دانش اسکولز کے ذریعے بین الاقوامی معیار کی تعلیم فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی معیار کی دانش یونیورسٹی کا قیام بھی عمل میں لایا جا رہا ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کی ترقی کے حوالے سے بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں کی تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی آرا اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہتی ہے۔

اس موقع پر پاکستانی نوجوانوں نے وزیراعظم کے نوجوانوں کی ترقی، بالخصوص انفارمیشن ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور کاروبار میں آسانی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

ملاقاتوں میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، معاون خصوصی بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ، وزیراعظم کے غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے ترجمان مشرف زیدی، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا، مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US