پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) اور پاکستان میں گوگل کے باضابطہ مقامی پارٹنر 'ٹیک ویلی پاکستان' کے درمیان ملک میں ہاکی کے نظام کو جدید ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے کے لیے تین سالہ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے ہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی اور ٹیک ویلی کے بانی و سی ای او عمر فاروق نے معاہدے پر دستخط کیے، جبکہ گوگل کے عالمی نمائندے بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس معاہدے کے تحت ٹیک ویلی کو پی ایچ ایف کا آفیشل ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پارٹنر مقرر کیا گیا ہے۔
اس شراکت داری کے تحت پی ایچ ایف، علاقائی ایسوسی ایشنز اور سلیکشن کمیٹیوں کے درمیان ڈیجیٹل مواصلات اور ریکارڈ کی دیکھ بھال کے نظام کو منظم کیا جائے گا اور ماضی کے میچز، انتظامی دستاویزات اور کھلاڑیوں کے ریکارڈز کو ایک مرکزی ڈیجیٹل سسٹم میں منتقل کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت گراس روٹ اور کلب ہاکی سے قومی ٹیم تک کھلاڑیوں کی کارکردگی، میڈیکل ہسٹری اور فٹنس کا حساب رکھنے کے لیے 'ڈیجیٹل پلیئر پرفارمنس اینڈ ٹیلنٹ ڈیٹا بیس' قائم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ کوچنگ اسٹاف کو میچ فوٹیج کے تجزیے اور حریف ٹیموں کے خلاف حکمت عملی بنانے کے لیے مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید تجزیاتی ٹولز بھی فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے میں پی ایچ ایف منتظمین، کوچز اور اسپورٹس مینجرز کے لیے تربیتی و سرٹیفیکیشن پروگرامز کے ساتھ ریجنل ہاکی اکیڈمیوں کے لیے ڈیجیٹل آلات کے استعمال کی تربیت شامل ہے، جبکہ ٹیک ویلی کی جانب سے تمام تکنیکی مشاورت اور ڈیٹا کی منتقلی کے لیے پروجیکٹ لیڈز کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اس تعاون کے اگلے مرحلے میں لائیو اسٹریمنگ، پرانے میچز کے آرکائیوز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے شائقین کی دلچسپی بڑھانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ایم او یو بذاتِ خود کوئی مالیاتی پابندی عائد نہیں کرتا اور تمام اخراجات، لائسنس اور سافٹ ویئر کی خریداری کے لیے بعد میں الگ الگ معاہدے کیے جائیں گے۔