لاہور کے نشتر پارک جمنیزیم ہال میں پاک چائنہ فرینڈ شپ گیمز کی شاندار افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پیپلز ریپبلک آف چائنہ کے قونصل جنرل مسٹر سن یان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر، وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ سلیمان ملک، سیکریٹری اسپورٹس فضل الرحمن اور ڈی جی اسپورٹس طارق قریشی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
ان کھیلوں میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر صوبہ بھر سے دو ہزار کے قریب مرد و خواتین کھلاڑی اور کوچز شریک ہیں، جہاں تمام ڈویژنز کی ٹیمیں 5 روز تک 11 مختلف کھیلوں میں مدِمقابل ہوں گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے چین کے قونصل جنرل کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان صرف دوستی نہیں بلکہ بھائیوں جیسا رشتہ ہے، اور دونوں ممالک ہر شعبے بشمول اکنامک کوریڈورز میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔
اس موقع پر چینی قونصل جنرل مسٹر سن یان نے شاندار تقریب کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام چین اور اس کے شہریوں سے بے حد محبت کرتے ہیں اور دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی، ڈیفنس اور دیگر شعبوں میں مضبوط تعلقات قائم ہیں۔
انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے حالیہ دورہ چین کا ذکر بھی کیا اور اپنے خطاب کا اختتام اردو میں "پاک چائنہ دوستی زندہ باد" کا نعرہ لگا کر کیا۔