پاک افغان سرحد پر دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد طالبان ہلاک

image

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں دراندازی اور فائرنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی جس کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان کی جانب سے فائرنگ اور جارحیت کی کوشش کے جواب میں پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران افغان طالبان کی متعدد پوسٹوں کو کواڈ کاپٹر اور مارٹر فائر سے نشانہ بنایا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستانی فورسز نے دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی جبکہ افغان سرزمین سے ہونے والی کسی بھی دراندازی کا بروقت اور مؤثر جواب دینے کے لیے سیکیورٹی فورسز الرٹ ہیں۔

پاک ایران سرحد کے قریب سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، فتنہ الہندوستان کا ایک دہشت گرد ہلاک

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے ضلع کیچ میں پاک ایران سرحد کے قریب کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے پاک ایران سرحد کے قریب دہشت گردوں کی مشتبہ نقل و حرکت کا سراغ لگایا، جس پر بروقت کارروائی کی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کی ایران فرار ہونے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، جبکہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والا ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔

سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مزید کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US