وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کہا ہے کہ پورٹ قاسم پر صنعتی و تجارتی زونز قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ خوردنی تیل کی صنعت کے لیے بھی صنعتی سٹی قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔
وناسپتی مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن ہاؤس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے خوردنی تیل کے صنعتکاروں کو پورٹ قاسم میں سرمایہ کاری اور صنعتی منصوبوں میں شراکت کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل کی صنعت قومی محصولات میں اہم حصہ ڈال رہی ہے۔
جنید انوار چوہدری نے بتایا کہ پورٹ قاسم پر 150 ایکڑ رقبے پر آٹوموٹیو پراسیسنگ زون قائم کیا جائے گا، جبکہ 250 ایکڑ پر ملبوسات زون کے قیام کی بھی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورٹ قاسم میں زمین سے متعلق مسائل حل کر لیے گئے ہیں اب قابلِ عمل کاروباری منصوبے پیش کرنے والے سرمایہ کاروں کو زمین الاٹ کی جائے گی۔
وفاقی وزیر بحری امور نے مزید کہا کہ پورٹ قاسم میں پانی کی قلت دور کرنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ بھی لگایا جائے گا جس سے صنعتی سرگرمیوں کو درکار پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔