چین کی گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم کا 12 اکتوبر سے پاکستان کا 18 روزہ دورہ، تفصیلی شیڈول جاری

image

چین کی گوانگ ڈونگ مینڈز ہاکی ٹیم 12 سے 30 اکتوبر 2026 تک پاکستان کا 18 روزہ تفصیلی دورہ کرے گی، اس دورے کے دوران مہمان ٹیم پاکستان کی بہترین ادارہ جاتی (انسٹی ٹیوشنل) ٹیموں اور پاکستان کی انڈر 21 اور انڈر 18 ٹیموں کے خلاف میچز کھیلے گی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق چائنیز ٹیم اسلام آباد، راولپنڈی، واہ کینٹ، نارووال، لاہور اور گوجرہ کے دورے کرے گی۔

گوانگ ڈونگ ہاکی ٹیم 12 اکتوبر کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ 13 اکتوبر کو خوش آمدیدی عشائیہ منعقد ہوگا۔ دورے کا پہلا میچ 14 اکتوبر کو ایم پی سی ایل ہاکی اسٹیڈیم راولپنڈی میں گوانگ ڈونگ اور ایم پی سی ایل کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد 15 اکتوبر کو نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں پاکستان آرمی کے خلاف میچ ہوگا۔

اسلام آباد لیگ کے تحت 17 اکتوبر کو پاکستان نیوی اور 20 اکتوبر کو پی ڈی سی کے خلاف میچز نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ 18 اکتوبر کو واہ کینٹ ہاکی اسٹیڈیم میں پاکستان پولیس کے خلاف مقابلہ ہوگا۔ مہمان ٹیم 16 اکتوبر کو اسلام آباد کا تفریحی دورہ بھی کرے گی۔

گوانگ ڈونگ کی ٹیم 21 اکتوبر کو لاہور روانہ ہوگی، جہاں ایک دن کے آرام اور ٹریننگ کے بعد 23 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان کسٹمز اور 24 اکتوبر کو اسپورٹس کمپلیکس نارووال میں پاکستان رینجرز سے مقابلہ کرے گی۔

نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی نمائش فراہم کرنے کے لیے گوانگ ڈونگ کی ٹیم 26 اکتوبر کو نیشنل ہاکی اسٹیڈیم گوجرہ میں پاکستان انڈر 21 اور 27 اکتوبر کو ڈی ایچ اے ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان انڈر 18 کے خلاف میدان میں اترے گی۔

دورے کا اختتام 29 اکتوبر کو مختلف سرگرمیوں کے ساتھ ہوگا جس کے بعد چائنیز وفد 30 اکتوبر کو وطن واپس روانہ ہوجائے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان ہاکی کے روابط کو فروغ دینے کا باعث بنے گا اور اس سے بالخصوص جونیئر سطح کے پاکستانی کھلاڑیوں کو بہترین بین الاقوامی تجربہ حاصل ہوگا۔

پی ایچ ایف تمام تمام متعلقہ سٹیک ہولڈرز کے تعاون سے میچز کے پرامن اور باقاعدہ انعقاد کو یقینی بنائے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US