وزیراعظم کی پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات، پاکستان میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پرنس رحیم آغا خان پنجم سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ تعاون کو مزید وسعت دینے پر گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے رواں سال کے اوائل میں ان کے دورہ پاکستان کے دوران ہونے والی ملاقات کو خوشگوار انداز میں یاد کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ دوستانہ اور مثبت تعلقات مستحکم رکھنے کے لیے پرنس رحیم آغا خان کے عزم کو سراہا اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے ان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اسماعیلی برادری کی دیرینہ خدمات کو سراہتے ہوئے معاشرے کی خدمت اور شہری شمولیت کے لیے اس کی قابل قدر روایت کو اجاگر کیا۔

شہباز شریف نے آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک سے وابستہ اداروں کی جانب سے مالیاتی شمولیت، سیاحت کے فروغ، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مقامی آبادی کی شمولیت کے ذریعے معاشی خودمختاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی خدمات کو بھی سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ان شعبوں میں مزید تعاون کے وسیع امکانات سے فائدہ اٹھا کر پاکستان میں پائیدار اور جامع ترقی کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔

پرنس رحیم آغا خان نے وزیراعظم کے پرتپاک جذبات پر اظہار تشکر کرتے ہوئے خطے میں جنگی صورتحال کے باوجود علاقائی امن و استحکام کے لیے وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور آغا خان ڈیولپمنٹ نیٹ ورک کے درمیان دیرینہ شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور پاکستان کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے انسانی ترقی کے مختلف شعبوں، بالخصوص صحت، تعلیم، موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کی صلاحیت اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی میں تعاون جاری رکھنے اور اسے وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرنس رحیم آغا خان پنجم کو پاکستان کے باقاعدگی سے دورے کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان دوروں سے کئی دہائیوں سے قائم دوستی اور تعاون کے رشتوں کو مزید مضبوط اور گہرا کرنے میں مدد ملے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US