امریکی کاروباری وفد کی وزیراعظم سے نیویارک میں ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو

image

امریکی پاکستان بزنس کونسل اور بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے مشترکہ وفد کی وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و سرمایہ کاری تعاون بڑھانے اور پاکستان میں امریکی سرمایہ کاری کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفد نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ملاقات کی۔

وزیراعظم نے امریکی کاروباری رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان اور امریکا کے کاروباری شعبوں کے درمیان طویل عرصے سے جاری اور نتیجہ خیز شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے امریکی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی معیشت کے اہم شعبوں بالخصوص مینوفیکچرنگ، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، کان کنی اور معدنیات سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار دوست ماحول کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ملک کی بڑی مارکیٹ اور نوجوان افرادی قوت امریکی کاروباری اداروں کے لیے سرمایہ کاری کے اہم مواقع فراہم کرتی ہے۔

ملاقات میں بوئنگ، ایبٹ، پیپسی کو، کوکا کولا، ماسٹر کارڈ، این ویڈیا، ٹی آر جی انٹرنیشنل، آرچر ڈینیئلز مڈلینڈ کمپنی، ویزا اور ایکسیلیریٹ انرجی سمیت پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں میں مصروف متعدد امریکی کمپنیوں کے سینئر نمائندگان نے شرکت کی۔

امریکی پاکستان بزنس کونسل کی صدر ایسپرانزا جیلیلیان نے امریکی کاروباری اداروں کے ساتھ وزیراعظم کی مسلسل رابطہ کاری پر ان کا شکریہ ادا کیا اور امریکی چیمبر آف کامرس کی جانب سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے فروغ کے لیے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ کے صدر پیٹر ٹچانسکی نے وزیراعظم کو پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کو وسعت دینے اور نئی شراکت داری کے مواقع تلاش کرنے میں رکن کمپنیوں کی دلچسپی سے آگاہ کیا۔

امریکی پاکستان بزنس کونسل اور بزنس کونسل آف انٹرنیشنل انڈرسٹینڈنگ نے حکومت پاکستان اور نجی شعبے کے ساتھ تعاون اور قریبی رابطہ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وفد کے ارکان نے پاکستان میں اپنے کاروباری مفادات، موجودہ سرگرمیوں اور مستقبل میں کاروباری موجودگی کو مزید وسعت دینے کے منصوبوں سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا۔

ملاقات کے موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر خزانہ و محصولات، وزیر دفاع، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، چیئرمین پی وی آر اے بلال بن ثاقب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار اور امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US