لاہور قلندرز اور لاہور کی مقامی یونیورسٹی کے درمیان باہمی تعاون کی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین یونیورسٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا کہ کرکٹ پاکستان میں سب سے زیادہ دیکھا اور کھیلا جانے والا کھیل ہے، جبکہ پی ایس ایل پاکستان کا ایک بڑا برانڈ ہے جس کی واحد اور نمائندہ ٹیم لاہور قلندرز ہم سب کی پسندیدہ ٹیم ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے اپنا نام بنانے کے لیے انتھک محنت کی ہے اور ہمارے لیے یہ انتہائی خاص موقع ہے کہ ہم ان کے ساتھ ایم او یو سائن کر رہے ہیں۔
ابراہیم حسن مراد کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کی طرح ان کا ادارہ بھی نوجوانوں کو بنیادی اہمیت دیتا ہے اور اس اشتراک کا مقصد نوجوانوں کو کھیلوں کے ساتھ ساتھ معیاری تعلیم کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ادارے مل کر کھیلوں کے نئے سپر اسٹارز تلاش کریں گے اور انہیں تعلیمی میدان میں ہر ممکن سپورٹ فراہم کی جائے گی۔
اس موقع پر لاہور قلندرز کے اونر عاطف رانا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ہمیشہ یہی کوشش رہی ہے کہ نوجوانوں کے لیے نئے اور بہترین پلیٹ فارمز تیار کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہمارا 'پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام' کام کر رہا ہے، لیکن ہم سمجھتے ہیں کہ یہ کافی نہیں ہے اور ہمیں مزید مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔ ہم پہلے بھی کئی بہترین کھلاڑی سامنے لائے ہیں اور اب تعلیم کے شعبے سے بھی نئے ٹیلنٹ کی تلاش شروع کر رہے ہیں تاکہ ایسے نوجوانوں کو کھیل کے ساتھ تعلیم بھی دی جا سکے۔
عاطف رانا نے مزید کہا کہ کالج کی سطح پر ایک واضح پاتھ وے بنانا ضروری ہے کیونکہ تعلیم اور اسپورٹس کو ایک ساتھ لے کر چلنا آسان کام نہیں ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ٹاپ ٹیلنٹ کو اسکولرشپ دے کر اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے اور دونوں ادارے مل کر کالج کی سطح سے کرکٹ کا نیا ٹیلنٹ تلاش کر کے ان کی مکمل رہنمائی کریں گے۔