چینی قونصل جنرل سن یان نے پنجاب اسٹیڈیم میں سیکریٹری یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس فضل الرحمٰن سے اہم ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور یوتھ و اسپورٹس کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران سیکریٹری اسپورٹس پنجاب نے پاکستان اور چین کے درمیان 75 سالہ سفارتی تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے توانائی، انفراسٹرکچر اور زراعت کے شعبوں میں پاک چین تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر 75 سالہ سفارتی تعلقات کی مناسبت سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی، عوامی روابط اور دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، جبکہ یوتھ انگیجمنٹ اور اسپورٹس کو باہمی تعلقات کے فروغ کا مؤثر ذریعہ قرار دیا گیا۔
گفتگو کے دوران پنجاب اور چین کے درمیان کھلاڑیوں، کوچز اور اسپورٹس ماہرین کے تبادلے کو فروغ دینے پر اتفاقِ رائے ہوا۔ اس سلسلے میں باصلاحیت پاکستانی کھلاڑیوں کو چین کی اسپورٹس اکیڈمیز اور ہائی پرفارمنس ٹریننگ سینٹرز میں تربیتی مواقع فراہم کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔
علاوہ ازیں، پنجاب میں قائم تربیتی کیمپس کے لیے چینی ماہر کوچز کی خدمات حاصل کرنے اور خصوصاً بیڈمنٹن، ٹیبل ٹینس، ووشو و دیگر کھیلوں میں ان کے تجربات سے استفادہ کرنے پر بات چیت کی گئی۔
دونوں جانب سے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کے لیے مشترکہ مواقع پیدا کرنے اور پنجاب و چین کے درمیان مشترکہ تربیتی کیمپس اور یوتھ اسپورٹس ایکسچینج پروگرامز کے انعقاد پر بھی مکمل اتفاق کیا گیا۔