حکومتِ سندھ نے فیک نیوز، جھوٹی اور گمراہ کن اطلاعات کی روک تھام کے لیے قومی ادارے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر برائے اطلاعات شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت محکمہ اطلاعات سندھ کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں سیکریٹری اطلاعات کاشف گلزار شیخ، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات معز پیرزادہ اور محکمہ کے دیگر ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہدایت کی گئی کہ فیک نیوز بنانے اور پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے این سی سی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ شرجیل انعام میمن نے تاکید کی کہ جھوٹی اطلاعات کے ذریعے کسی بھی شخص یا ادارے کو نقصان پہنچانے کی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مین اسٹریم اور سوشل میڈیا پر جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے فیک نیوز کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے لیے ایک مربوط نظام وضع کیا جائے۔
سینئر وزیر نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کا بیانیہ امن، رواداری، بین الصوبائی ہم آہنگی اور قومی اتحاد پر مبنی ہے۔ انہوں نے محکمہ اطلاعات کو ہدایت کی کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ذرائع ابلاغ کا موثر استعمال کرتے ہوئے حکومت کے مثبت اقدامات اور عوامی فلاحی منصوبوں کو نمایاں کیا جائے، معاشرے کے تمام طبقات کو اس بیانیے کا حصہ بنایا جائے اور عوام تک درست و مستند معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔