مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے میں شامل پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ عسکری حکام کا اجلاس ریاض میں منعقد ہوا، جس میں تینوں ممالک کے چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیفس آف جنرل اسٹاف نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں سعودی عرب کو درپیش سیکیورٹی صورتحال اور خطرات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے مقدس شہر مکہ مکرمہ اور شہری و معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
شرکا نے عوام کے تحفظ اور مملکت کی سلامتی یقینی بنانے کے لیے سعودی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور چوکسی کو سراہا۔
اجلاس میں تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان تعاون مزید بڑھانے، انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے، عسکری رابطہ کاری اور دفاعی صلاحیتوں کو مربوط بنانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکا نے تینوں ممالک کے عوام اور مسلح افواج کے درمیان دیرینہ تعلقات اور باہمی اعتماد کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاض میں ہونے والا اجلاس دفاعی شراکت داری کی مضبوطی اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت کیے گئے وعدوں کو مؤثر عسکری تعاون میں فوری طور پر تبدیل کرنے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔
شرکا نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے اجتماعی دفاع کے عزم کا بھی پختہ اعادہ کیا۔