پاکستان نیوی کے جہازوں ہُنَین اور یارموک نے بحیرہ عرب میں مشترکہ انسدادِ منشیات آپریشن کے دوران 2800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں، جن کی مالیت تقریباً 75 کروڑ امریکی ڈالر بتائی گئی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک بحریہ کے دونوں جہاز معمول کی گشت پر مامور تھے کہ انہوں نے ایک مشکوک کشتی کو روکا۔ بورڈنگ آپریشن کے دوران کشتی کے خفیہ خانوں کی تلاشی لی گئی، جہاں سے 2800 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد ہوئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کارروائی میں حصہ لینے والے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور مستعدی کو سراہا۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے سمندری سلامتی کے تحفظ اور سمندر کے ذریعے غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کے لیے پاکستان نیوی کے عزم کا اعادہ کیا۔