افغانستان سے دہشت گردی ختم کیے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، اسحاق ڈار

image

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان سے لاحق دہشت گردی کا خطرہ ختم کیے بغیر خطے میں امن، استحکام اور ترقی ممکن نہیں۔

اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے 27ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان پُرامن اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے اور طالبان حکومت سے تعمیری روابط رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طالبان حکومت سے واحد توقع اپنے جائز سیکیورٹی خدشات دور کرنا ہے، افغان سرزمین سے ہونے والی دہشت گردی علاقائی امن اور ترقی کی کوششوں کو متاثر کر رہی ہے۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خطے کو زیادہ مربوط اور مسابقتی بنانے کے لیے مکالمے سے عملی اقدامات کی جانب بڑھنا ہوگا۔ پاکستان علاقائی تجارت، اقتصادی انضمام اور وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے ملانے والے منصوبوں کو تیز کرنے کو ترجیح دے گا۔

وزیر خارجہ نے موسمیاتی تبدیلی کو بھی خطے کی آبی سلامتی، زراعت اور روزگار کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے پائیدار توانائی اور موسمیاتی مزاحمت رکھنے والے بنیادی ڈھانچے پر تعاون بڑھانے پر زور دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US