چیف منسٹر گولڈ کپ: کراچی کی فٹبال ٹیم اور بس مسافروں سے مستونگ کے قریب مسلح ڈکیتی

image

کوئٹہ میں جاری چیف منسٹر گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے کراچی سے جانے والی ڈسٹرکٹ ویسٹ کی 20 رکنی فٹبال ٹیم اور بس کے دیگر مسافروں کو مستونگ اور سریاب کے درمیان مسلح ڈکیتی کا نشانہ بنا لیا گیا۔

منہ پر ڈھاٹے باندھے ایک درجن سے زائد مسلح رہزنوں نے بس کے آگے گاڑی کھڑی کر کے اسے روکا اور تقریباً ایک گھنٹے تک مسافروں اور کھلاڑیوں کو یرغمال بنا کر قیمتی موبائل فونز اور لاکھوں روپے کی نقدی لوٹ لی، جبکہ اس دوران تشدد بھی کیا گیا۔

ٹیم منیجر ذوالفقار علی بھٹو کے مطابق لوٹ مار کے بعد جب بس آگے بڑھی تو کچھ فاصلے پر موجود رینجرز کی چوکی کو اطلاع دی گئی، تاہم انہوں نے حدود کا معاملہ بتا کر کارروائی سے معذرت کرلی۔

کوئٹہ پہنچ کر واقعے کی تفصیلات سے ٹورنامنٹ آرگنائزرز کو آگاہ کیا گیا، جنہوں نے شدید خوف میں مبتلا کھلاڑیوں کو یومیہ الائونس فراہم کیا۔ واقعے کی رپورٹ بلوچستان کی وزیر کھیل کو پیش کردی گئی ہے اور کھلاڑیوں کے مالی نقصان کے ازالے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US