این سی سی آئی اے کی تحقیقات میں محمد رضوان پر عدم تعاون کا الزام

image

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) کی جانب سے انگلینڈ کے ناکام دورہُ ٹیسٹ کے بعد جاری تحقیقات میں تعاون نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

ایک معروف اخبار کی رپورٹ میں NCCIA کے باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایجنسی نے محمد رضوان سے فون کا فارنزک تجزیہ کروانے اور ملاقات کے لیے متعدد بار رابطہ کیا، تاہم انہوں نے یا تو کالز نہیں اٹھائیں یا اپنے وکیل سے رابطہ کرنے کا کہا۔ ذرائع کے مطابق رضوان کو رہائش گاہ پر ٹیم بھیجنے کی پیشکش بھی کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا، جس کے باعث لاہور ہائی کورٹ کی ہدایت کے مطابق انکوائری کی جلد تکمیل میں دشواری پیش آ رہی ہے۔

ذریعے نے واضح کیا کہ ایجنسی آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت کام کر رہی ہے اور فی الوقت دونوں کھلاڑی قانونی طور پر کسی غلط کام کے مجرم نہیں ہیں، ثبوت نہ ملنے کی صورت میں انہیں بری کر دیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق اگر رضوان نے جلد جواب نہ دیا تو ایجنسی قانونی طریقہ کار اپناتے ہوئے انہیں پیشی کا رسمی نوٹس جاری کرے گی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے بعد محمد رضوان اور امام الحق کو وطن واپس لوٹنے کی ہدایت کی گئی تھی، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے ان کے فون تحویل میں لے لیے تھے۔ اس ماہ کے شروع میں دونوں کھلاڑی NCCIA کے دفتر میں پیش ہوئے تھے، جس کے بعد رضوان نے وکیل کی خدمات حاصل کر لیں۔ ابتدائی تحقیقات کے دوران لیک ہونے والی ایک دستاویز سے ظاہر ہوا تھا کہ ایجنسی بیٹنگ اور جوا کھیلنے والی سائٹس کی جانچ پڑتال کر رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US