ونود کامبلی کی اولڈ ایج ہوم سے ویڈیو سامنے آگئی، مداحوں نے صحت پر تشویش ظاہر کردی

image

سابق بھارتی کرکٹر ونود کامبلی کی تھانے کے ایک اولڈ ایج کیئر سینٹر سے سامنے آنے والی نئی ویڈیو نے ان کے مداحوں کو ایک بار پھر فکر مند کردیا ہے۔ ویڈیو میں سابق بھارتی بلے باز نے وہاں اپنے قیام، ملنے والی سہولیات اور عملے کے رویے کے بارے میں بات کی۔

کامبلی اس وقت ندان سینٹر فار ایلڈرلی کیئر میں موجود ہیں۔ کیمرے کے سامنے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مرکز میں ہونے والی دیکھ بھال کو سراہا اور خاص طور پر صفائی اور حفظانِ صحت کے انتظامات کی تعریف کی۔

سابق کرکٹر نے بتایا کہ انہیں وہاں لوگوں کی جانب سے بھرپور محبت اور توجہ مل رہی ہے۔ ان کے مطابق مرکز میں رہتے ہوئے انہیں اجنبیت محسوس نہیں ہوتی بلکہ ایسا لگتا ہے جیسے وہ اپنے ہی گھر میں ہوں۔

ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد کرکٹ شائقین نے کامبلی کی صحت کے حوالے سے اپنی تشویش کا اظہار کیا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ کئی مداحوں نے سابق اسٹار کی بہتر صحت اور زندگی میں سکون کے لیے دعائیں بھی کیں۔

ونود کامبلی گزشتہ کچھ عرصے سے صحت کے مسائل کی وجہ سے خبروں میں رہے ہیں۔ دسمبر 2024 میں انہیں تھانے کے ایک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، جہاں کم بلڈ پریشر، پیشاب کی نالی کے انفیکشن اور جسم میں الیکٹرولائٹس کے عدم توازن کی نشاندہی ہوئی تھی۔

علاج کے دوران ڈاکٹروں نے دماغ میں پرانے خون کے لوتھڑوں کی موجودگی بھی بتائی تھی، جنہیں ماضی کے فالج سے جوڑا گیا۔ تقریباً دو ہفتے زیرِ علاج رہنے کے بعد انہیں جنوری 2025 میں اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔

اس کے بعد کامبلی کبھی کبھار عوامی سطح پر دکھائی دیتے رہے ہیں، تاہم ان کی صحت اور نقل و حرکت اب بھی ان کے مداحوں کے لیے باعثِ تشویش ہے۔ ان کی تازہ ویڈیو نے ایک بار پھر لوگوں کی توجہ سابق بھارتی کرکٹر کی موجودہ حالت کی جانب مبذول کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US