پاکستان کے معروف تیز گیند باز شعیب اختر کرکٹ بورڈ میں ایک اہم عہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہوگئے ہیں، جبکہ انگلینڈ کے تباہ کن دورے کے بعد پی سی بی اپنے کرکٹ تھنک ٹینک میں تبدیلیوں پر غور کررہا ہے۔
پی سی بی کے قریبی ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں مقیم شعیب اختر نے کچھ دن پہلے بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی سے ملاقات کی تھی۔ کچھ ہفتے قبل جب شعیب کے بڑے بھائی کا انتقال ہوا تو محسن نقوی نے ان سے قریب سے رابطہ رکھا اور ان کا ساتھ دیا، جس نے ماضی میں پی سی بی کے سخت ناقد رہنے والے شعیب اختر کو بہت متاثر کیا۔
چیئرمین کی جانب سے اپنے منصوبے شیئر کرنے اور این سی اے و کیمپوں کے دورے کی دعوت دینے کے بعد دونوں کے درمیان تعلقات خوشگوار ہوچکے ہیں۔ شعیب اختر ایک بڑا عہدہ حاصل کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں، تاہم انہوں نے چیئرمین کے سامنے اپنی کچھ تجاویز اور شرائط بھی رکھی ہیں جن کے ذریعے وہ پاکستان کرکٹ کو آگے لے جانا چاہتے ہیں۔
شعیب اختر کے علاوہ بورڈ شین میک ڈرموٹ اور ایشلے نوفکے کی اچانک روانگی کے بعد قومی ٹیموں کے لیے غیر ملکی فیلڈنگ و بیٹنگ کوچز اور کنسلٹنٹس کی تقرری پر بھی غور کر رہا ہے۔ ساتھ ہی ناقص کارکردگی کی حامل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے بھی ایک مستقل اور طویل المدتی ہیڈ کوچ مقرر کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔
چیئرمین نے واضح کر دیا ہے کہ وہ مردوں، خواتین، شاہینز اور جونیئر ٹیموں سے بہتر نتائج کی توقع رکھتے ہیں، جس کے تحت مستقبل کے منصوبوں پر کام جاری ہے اور جلد ہی کرکٹ تھنک ٹینک میں تبدیلیاں دیکھنے کو ملیں گی۔