پی سی بی کا سری لنکا کے خلاف سیریز اور ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان

image

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی اور ٹیسٹ سیریز کے علاوہ انگلینڈ، پاکستان اور سری لنکا پر مشتمل ون ڈے ٹرائی سیریز کے لیے میچ آفیشلز کے پینل کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔

ون ڈے ٹرائی سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے میچ ریفری جیف کرو ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ اس سیریز کے امپائرز پینل میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا اور شرفدولہ شامل ہیں، جبکہ دیگر امپائرز میں آصف یعقوب، راشد ریاض، فیصل آفریدی، ناصر حسین اور نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے وین نائٹس بھی شامل ہیں۔

ون ڈے ٹرائی سیریز کے فائنل میں احسن رضا اور وین نائٹس آن فیلڈ جبکہ شرفدولہ تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ اس کے علاوہ شرفدولہ اور وین نائٹس ٹرائی سیریز کے دوران بالترتیب چار اور تین میچوں میں تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی بھی دیں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز میں انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی ایمرجنگ ریفری ڈین کوسکر بطور ریفری ذمہ داریاں ادا کریں گے، جو راولپنڈی میں ٹیسٹ کرکٹ میں بطور ریفری اپنا ڈیبیو بھی کریں گے۔

ٹیسٹ سیریز میں آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائرز روڈ ٹکر، ایڈرین ہولڈسٹاک اور الاہودین پالیکر آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔ الاہودین پالیکر اور روڈ ٹکر پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں بالترتیب تھرڈ امپائر کے فرائض بھی سنبھالیں گے۔

سری لنکا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے آئی سی سی انٹرنیشنل پینل سے تعلق رکھنے والے علی نقوی کو میچ ریفری مقرر کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز میں راشد ریاض، ناصر حسین اور فیصل آفریدی آن فیلڈ اور تھرڈ امپائر کی ڈیوٹی دیں گے جبکہ طارق رشید تینوں ٹی ٹوئنٹی میچوں میں فورتھ امپائر ہوں گے۔

پاکستان اور سری لنکا کے مابین تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد ون ڈے ٹرائی سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں انعقاد پذیر ہوگی۔ جبکہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز 9 سے 21 نومبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US