بلوچستان اور شمالی وزیرستان میں کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک

image

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع سہراب کے علاقے مال مدرسہ کے قریب سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی اس دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب رہا۔

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرلی گئی۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا میں عزم استحکام ویژن کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے میر علی اور گردونواح میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو بھی مؤثر کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے میر علی بازار کے قریب راشن سے لدے ٹرک کو روکنے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی۔

سیکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے عزم کا اظہار کیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US