لاہور قلندرز اور گیانا کی وزارتِ ثقافت، نوجوانان و کھیل کے درمیان کرکٹ کی ترقی اور فروغ کے لیے ایک معاہدے (ایم او یو) پر دستخط ہوگئے ہیں۔
معاہدے پر لاہور قلندرز کے مالک اور ٹیم ڈائریکٹر ثمین رانا، گیانا کے وزیرِ ثقافت، نوجوانان و کھیل چارلس ریمسن اور صوبائی وزیر اسٹیون جیکبز نے دستخط کیے۔ اس شراکت داری میں گیانا کرکٹ بورڈ مرکزی تکنیکی پارٹنر کے طور پر خدمات انجام دے گا۔
اس تعاون کا بنیادی مقصد کھلاڑیوں اور کوچز کی صلاحیتوں میں نکھار لانا، ہائی پرفارمنس ٹریننگ فراہم کرنا اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کے لیے بین الاقوامی مواقع پیدا کرنا ہے۔ اس کے علاوہ مشترکہ کرکٹ کیمپس، کوچنگ کلینکس، یوتھ ڈویلپمنٹ اور خواتین کی کرکٹ کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات پر بھی کام کیا جائے گا۔