وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ لندن اور نیویارک کے دوروں کے دوران عالمی مالیاتی اداروں اور بینکرز سے ملاقاتیں ہوئیں، جہاں پاکستان کی معاشی اصلاحات اور بہتری کا ذکر کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نیویارک میں آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات ہوئی اور انہیں بتایا کہ حکومت کی ٹیم معاشی بہتری کے لیے محنت کر رہی ہے۔
شہباز شریف نے برآمدی صنعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صنعت کو برسوں بھرپور سپورٹ اور سبسڈی دی گئی لیکن اس کے باوجود برآمدات میں متوقع اضافہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق جن صنعتوں نے ترقی کے وعدے کیے تھے وہ دہائیاں گزرنے کے باوجود ان وعدوں پر پورا نہیں اتریں۔
وزیراعظم نے چیئرمین نیب کی جانب سے زمینوں کی واگزاری کا بھی ذکر کیا جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے پاکستان میں موجودہ معاشی حالات میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔