پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
چین کے قومی دن کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اپنی اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث عالمی سطح پر اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے سمیت عالمی سطح پر امن و سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کے قومی مفادات کا مؤثر انداز میں دفاع کیا۔
جیانگ ژائی ڈونگ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر مشکل وقت میں بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں پاک چین عملی تعاون کو ہمیشہ خصوصی اہمیت دی ہے۔
چینی سفیر نے پاک چین دوطرفہ تعلقات کو باہمی اعتماد، تعاون اور دیرینہ دوستی پر مبنی قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔