بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر، PIBF Youth Chapter کے رکن اور نوجوان سیاسی و سماجی رہنما تیمور احمد نے ترکیہ کے شہر استنبول کی اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسکودر کے میئر دندار ضیاء گلتکین اور نائب صدر عیسیٰ دوگان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں استنبول کے بلدیاتی نظام، ڈسٹرکٹ میونسپلٹی کے اختیارات، شہری سہولتوں، مربوط ٹرانسپورٹ نظام، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، بلڈنگ کنٹرول، بنیادی انفراسٹرکچر اور مقامی حکومتوں کے مالیاتی نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر میئر دندار ضیاء گلتکین نے بتایا کہ ترکیہ کے شہر استنبول کو انتظامی طور پر صوبے کا درجہ حاصل ہے، جبکہ شہر میں مجموعی طور پر 39 ڈسٹرکٹ بلدیات شہری امور انجام دیتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صرف اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا سالانہ بجٹ 265 ملین ڈالر ہے۔ سالڈ ویسٹ، بلڈنگ کنٹرول اور بنیادی انفراسٹرکچر جیسے امور ڈسٹرکٹ بلدیہ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، جبکہ ٹرانسپورٹ اور پانی کا نظام استنبول میٹروپولیٹن میونسپلٹی کے تحت چلایا جاتا ہے۔
میئر دندار ضیاء گلتکین نے مزید بتایا کہ اسکودر ڈسٹرکٹ بلدیہ کا 90 فیصد سے زائد بجٹ اپنے وسائل سے حاصل کیا جاتا ہے، جبکہ تقریباً 10 فیصد وفاقی گرانٹ کی صورت میں ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بلدیاتی نظام، مالیاتی خودمختاری، بہتر منصوبہ بندی اور ادارہ جاتی نظم و ضبط ہی شہری ترقی کی اصل بنیاد ہیں۔
اس موقع پر تیمور احمد نے کہا کہ استنبول کا بلدیاتی ماڈل کراچی جیسے بڑے شہر کے لیے سیکھنے کے کئی مواقع فراہم کرتا ہے۔ کراچی کو بھی مؤثر بلدیاتی اختیارات، مالیاتی وسائل، مربوط ٹرانسپورٹ، صاف ستھرے شہری نظام اور اداروں کے درمیان بہتر رابطہ کاری کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولتیں بہتر انداز میں فراہم کی جاسکیں۔
ملاقات میں پاک انٹرنیشنل بزنس فورم کراچی کے جنرل سیکریٹری اور کوآرڈینیٹر میرا برانڈ پاکستان، محمد عامر رفیع بھی موجود تھے۔ اس کے علاوہ اسکودر بلدیہ کے اراکینِ کونسل کمال اوزر، سعادتین بے، ڈائریکٹر ماحولیات پیلن کیوریکوغلو اور مترجم حسن محی الدین بھی ملاقات میں شریک تھے۔
ملاقات کو پاکستان اور ترکیہ کے درمیان شہری ترقی، بلدیاتی تجربات کے تبادلے اور ادارہ جاتی تعاون کے حوالے سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا گیا۔