وزیراعظم کی آسان خدمت مراکز کی توسیع اور خدمات مزید تیز کرنے کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر تیز، شفاف اور معیاری سرکاری خدمات کی فراہمی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے پاکستان آسان خدمت مراکز کی توسیع اور خدمات کی فراہمی کا وقت مزید کم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان آسان خدمت سینٹر کی کارکردگی، توسیع اور ملک کے مختلف علاقوں میں نئے مراکز کے قیام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سرکاری خدمات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے چاہئیں، آسان خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو ایک ہی چھت تلے متعدد سرکاری خدمات کی بروقت فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں آسان خدمت مرکز کی توسیع کا عمل تیز کرنے اور شہریوں کی ضروریات کے مطابق مختلف کاؤنٹرز پر عملے کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مرکز کی کارکردگی کی تھرڈ پارٹی آڈٹ رپورٹ بھی پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ اسلام آباد آسان خدمت مرکز میں جنوری سے ستمبر کے دوران ایک لاکھ 71 ہزار سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی گئی، جبکہ مرکز کی خدمات سے 99.5 فیصد شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ شہریوں کو خدمات کی فراہمی کا اوسط وقت 3 سے 10 منٹ ہے۔

وزیراعظم نے مظفرآباد، گلگت اور اسکردو میں آسان خدمت مراکز پر جاری کام تیز کرکے انہیں جلد فعال کرنے کی ہدایت کی۔ پشاور اور بنوں میں آسان خدمت مراکز کے قیام کے لیے بھی فوری اقدامات کرنے اور وہاں موجود وفاقی عمارتوں میں مراکز کے قیام کا جامع منصوبہ جلد پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔

وزیراعظم نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے ملک کے دیگر علاقوں میں بھی آسان خدمت مراکز قائم کیے جائیں۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں آسان خدمت مراکز کے قیام پر پیشرفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US