پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آئندہ ماہ کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹوں کی فروخت کے حوالے سے تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت 3 اکتوبر سے شروع ہوگی جبکہ 5 اکتوبر سے شائقین ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے فزیکل ٹکٹ حاصل کرسکیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز 9 سے 13 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کے پہلے دو میچز کے لیے جنرل ٹکٹ کی ابتدائی قیمت 300 روپے جبکہ وی آئی پی ٹکٹ 1,000 روپے سے دستیاب ہوں گے۔ تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کے لیے کم از کم قیمت 200 روپے اور وی آئی پی ٹکٹ کی قیمت 800 روپے مقرر کی گئی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان تین ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز 18 سے 31 اکتوبر تک راولپنڈی اور لاہور میں کھیلی جائے گی۔ اس سیریز کے آن لائن ٹکٹ 10 اکتوبر سے اور فزیکل ٹکٹ 14 اکتوبر سے دستیاب ہوں گے۔
علاوہ ازیں تین ملکی سیریز کے اختتام پر پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ پہلا ٹیسٹ میچ 9 سے 13 نومبر تک راولپنڈی جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ 17 سے 21 نومبر تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ ٹیسٹ سیریز کے ٹکٹ ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز پر دستیاب ہوں گے، تاہم ان کی فروخت کی حتمی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔